ہندوستان میں واقع امریکی مشن سفیر رچرڈ آر ورما کی 2 جنوری 2015 کو نئی دہلی میں آمد کا اعلان کرتا ہے۔ وہ امریکہ ۔ ہند اسٹریٹجک شراکت داری کو آگے لیجانے کے سلسلے میں امریکی مشن کے کام کو جاری رکھیں گے۔
اپنی آمد پر سفیر ورما نے کہا، ’’ہمارے دوطرفہ تعلقات کے اس تحریکی دور میں ہندوستان میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینا میرے لئے باعث شرف ہے۔ میں ہندوستانی لوگوں سے ملنے اور ہندوستانی حکومت کے ساتھ سلامتی، ترقی، اور خوشحالی کے ہمارے مشترکہ نصب العین پر ملکر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘‘
سوانح
امبیسڈر ورما سابق معاون سکریٹری آف اسٹیٹ برائے امور قانون سازی ہیں۔ 2009 سے 2011 تک انہوں نے سکریٹری کلنٹن کے مشیر اعلیٰ کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے کیپیٹول ہل میں محکمہ خارجہ کی بجٹ اور پالیسی کوششوں کی قیادت کی، 200 سے زائد سینیٹ توثیقات سرانجام دیں، اور کانگریس کی کئی اہم تفتیشوں کی نگرانی کی۔ وہ ایران تحدیدات اور نئے START معاہدے پر کانگریس کے ساتھ انتظامیہ کے اعلی مذاکرات کار بھی تھے۔ انہوں نے حال ہی میں اسٹیپٹو اینڈ جانسن اور البرائٹ اسٹون برج گروپ دونوں میں ہی سینئر وکیل کے طور پر کام کیا جہاں انہوں نے اپنی پریکٹس بین الاقوامی قانون اور عالمی انضباطی تعمیل پر مرکوز رکھی۔
قبل ازیں اپنے کیریئر میں مسٹر ورما نے سینیٹ میں اکثریتی لیڈر ہیری ریڈ کے اعلیٰ قومی سلامتی مشیر کے طور پر سینیٹ میں کام کیا۔ انہوں نے ڈیفنس اپروپریئشن کمیٹی کے چیئرمین جیک مورتھا کیلئے ایوان نمائندگان میں بھی کام کیا۔ مشرقی یوروپ میں نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ برائے بین الاقوامی معاملات کیلئے کنٹری ڈائرکٹر کے طور پر کام کرنے سے قبل مسٹر ورما امریکن پروگریس سینٹر میں سینئر نیشنل سکیورٹی فیلو اور فارن ریلیشنز کونسل کے رکن تھے اور انہوں نے کلنٹن فائونڈیشن، ہیومن رائٹس فرسٹ، اور نیشنل ڈیموکریٹک انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ میں بھی اپنی خدمات انجام دیں۔
مسٹر ورما نے 1994 سے 1998 تک امریکی فضائیہ میں ایکٹو ڈیوٹی انجام دی۔ انہوں نے اپنی LL.M. کی ڈگری امتیازی نمبروں کے ساتھ جارج ٹائون یونیورسٹی لاء سینٹر سے اور J.D. cum laude کی سند امریکن یونیورسٹی کے واشنگٹن کالج آف لاء سے حاصل کی۔ انہوں نے B.S. لے ہائی یونیورسٹی سے کیا ہے۔