وائٹ ہاؤس
پریس سیکرٹری کا دفتر
امریکی عوام کی طرف سے میں تمام مسلمانوں کو پُرمسرت ماہِ رمضان کی خواہشات پیش کرتا ہوں۔
صبح سے لے کر غروب آفتاب تک روزوں کے اس مہینے میں، امریکہ اور دنیا بھر کے بہت سے مسلمانوں کوخیرات اور غوروفکر کے کاموں سے مقصدیت اور روحانی فیض حاصل ہو گا جس سے ہماری کمیونٹیاں توانا ہوتی ہیں۔ بنیادی طور پر رمضان کی روح، تشدد کو مسترد کرنے کی ہماری مشترکہ ذمہ داری کا شعور، امن کا حصول اور غربت اور جنگ کے ہاتھوں مصائب جھیلنے والے ضرورت مندوں کو دینا ہے۔
امسال اس مہینے کا آغاز ایک ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب دنیا برطانیہ اور مصر میں وحشیانہ دہشت گرد حملوں کا شکار ہونے والے بے گناہوں کا سوگ منا رہی ہے۔ یہ حملے اخلاقی انحطاط کی ایسی حرکتیں ہیں جو رمضان کی روح کے براہ راست منافی ہیں۔ اِس طرح کی حرکتیں دہشت گردوں اور اُن کی گمراہ کن نظریاتی سوچ کو شکست دینے کے ہمارے عزم کو فولادی بناتی ہیں۔
سعودی عرب کے اپنے حالیہ دورے کے دوران مجھے 50 سے زیادہ مسلم ممالک کے راہنماؤں سے ملنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ وہاں، عالم اسلام کے دو مقدس ترین مقامات کی سرزمین پر، ہم اپنے اپنے ممالک اور دنیا کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کی خاطر، شراکت داری کا ایک پُرزور پیغام دینے کے لیے ایک جگہ اکٹھے ہوئے۔
ریاض میں دیئے گئے اپنے بیان کو میں دہراتا ہوں: امریکہ دہشت گردی اور اِس کو بھڑکانے والے نظریے کے خلاف ہمیشہ اپنے شراکت داروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوگا۔ آئیے، رمضان المبارک کے اس مہینے کے دوران اس بات کا عزم کریں کہ ہم کسی قسم کی کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے تاکہ ہم یہ یقینی بنا سکیں کہ آنے والی نسلیں اس لعنت سے آزاد ہوں اور سکون سے عبادت اور تبادلہ خیالات کر سکیں۔
ایسے میں جب آپ رمضان کے بابرکت مہینے کی صدقے، روزوں، اور عبادت کی روایات پر عمل کرنے جا رہے ہیں، میں پوری دنیا کے مسلمانوں کے ساتھ اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ خدا آپ کو اور آپ کے خاندانوں پر رحمت فرمائے۔