دیوالی کے موقع پر صدر اوباما کا پیغام

’’امریکہ میں اور دنیا بھر میں روشنیوں کا تہوار منا رہے تمام لوگوں کو دیوالی مبارک! اس موقع پر جس طرح ہندو، جین، سکھ، اور بودھ دیئے روشن کرتے ہیں، پوجا و پرارتھنا میں شریک ہوتے ہیں، اپنے گھروں کو سجاتے ہیں، اور عزیز و اقربا کی ضیافت اور میزبانی کے لئے اپنے دروازے کھول دیتے ہیں؛ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ موقع برائی پر بھلائی اور جہالت پر علم کی جیت کے لئے خوشیاں منانے کا ہے۔ یہ تہوار ہمارے مشترکہ امریکی تجربے کے بارے میں ایک وسیع تر سچائی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ یہ موقع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کیا کچھ ممکن ہے جب ہم اختلافات سے پرے دیکھتے ہیں جو ہمیں اکثر تقسیم کرتے ہیں۔ یہ امیدوں اور خوابوں کی بھی عکاسی کرتا ہے جو ہمیں اکٹھا باندھتے ہیں۔ اور ان بندھنوں کو گہرا کرنے، ایک دوسرے کے احساسات کو سمجھنے اور دنیا کو ایک دوسرے کی آنکھوں سے دیکھنے، اور ایک دوسرے کو بھائیوں اور بہنوں اور ساتھی امریکیوں کی طرح گلے لگانے کے لئے ہماری اجتماعی ذمہ داریوں کی تجدید کرنے کا موقع بھی ہے۔

مجھے فخر ہیکہ 2009 میں وائٹ ہاؤس میں دیوالی تقریبات کی میزبانی کرنے والا میں پہلا صدر تھا، اور مشیل اور میں کبھی فراموش نہیں کرسکیں گے کہ دیوالی کے موقع پر ممبئی میں بھارت کے لوگوں نے کس طرح کھلی باہوں اور دل کے ساتھ ہمارا خیرمقدم کیا اور ہمارے ساتھ رقص کیا تھا۔ اس سال اوول آفس میں پہلی بار دیا روشن کیا گیا۔ اس کا مجھے شرف حاصل ہوا۔ دیا اس بات کی علامت ہیکہ کس طرح روشنی کے ذریعہ ہمیشہ تاریکی پر قابو پایا جاتا رہے گا۔ یہ ایک روایت ہے جسے میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل کے صدور جاری رکھیں گے۔

میں، پورے اوباما خاندان کی جانب سے، آپ اور آپ کے پیاروں کے لئے اس دیوالی پر امن اور خوشیوں کی تمنا کرتا ہوں۔‘‘