
کینتھ آئی جسٹر کی 2 نومبر، 2017 کو امریکی سینیٹ کے ذریعہ متفقہ طور پر توثیق کی گئی اور 3 نومبر، 2017 کو صدر نے اُنہیں بھارت جمہوریہ میں ریاست ہائے متحدہ امریکہ کا 25 واں سفیر مقرر کیا۔ انہوں نے اپنے کاغذات نمائندگی 23 نومبر، 2017 کو بھارت کے صدر کو پیش کئے۔ مسٹر جسٹر کو ایک سینئر کاروباری ایگزیکٹو، سینئر قانون پارٹنر، اور سینئر حکومتی اہلکار کے طور پر تقریباً 40 سال کا تجربہ ہے۔
مسٹر جسٹر پہلے جنوری سے جون 2017 تک صدر برائے بین الاقوامی اقتصادی معاملات کے ڈپٹی اسسٹنٹ، اور قومی اقتصادی کونسل کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر کام کرتے تھے۔ وہ قومی سلامتی کونسل اسٹاف اور قومی اقتصادی کونسل اسٹاف دونوں کے سینئر رکن تھے۔ اس کردار میں، مسٹر جسٹر نے ایڈمنسٹریشن کی بین الاقوامی اقتصادی پالیسی کو مربوط کیا اور اسے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے ساتھ ضم کیا۔ انہوں نے تائورمینا، اٹلی میں ہونے والے G7 سربراہی اجلاس کے دوران امریکہ کے قائد مذاکرات کار (’’شیرپا‘‘) کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
اُس سے پہلے، مسٹر جسٹر، 2010 سے 2017 تک، عالمی سرمایہ کاری کی فرم واربرگ پنکس میں پارٹنر اور مینیجنگ ڈائریکٹر تھے، جہاں انہوں نے ارضی سیاسی خطرے، عالمی پبلک پالیسی، اور فرم کی سرمایہ کاری کی سرگرمیوں اور پورٹ فولیو کمپنیوں سے متعلق ریگولیٹری امور سمیت مسائل کی ایک وسیع رینج پر توجہ مرکوز کی۔ 2005 تا 2010، مسٹر جسٹر کاروباری اداروں کے لئے کلائوڈ کمپیوٹنگ کی ابتدا کرنے والی سافٹ ویئر کمپنی Salesforce.com میں لا، پالیسی اور کارپوریٹ حکمت عملی کے ایگزیکٹو نائب صدر تھے۔
مسٹر جمٹر نے 2001 تا 2005 امریکہ کے انڈر سیکریٹری آف کامرس کے طور پر خدمت کی جہاں وہ صنعت و سیکورٹی بیورو کے انچارج تھے۔ اس حیثیت میں، انہوں نے کاروبار اور قومی سلامتی کے دوراہے پر معاملات کی نگرانی کی، جن میں اسٹریٹجک تجارتی کنٹرول، درآمدات اور امریکہ کی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی غیر ملکی سرمایہ کاریاں، بائیکاٹ مخالف قوانین کا نفاذٓ، اور بین الاقوامی آرمس کنٹرول کے معاہدوں کی انڈسٹری کے ذریعہ تعمیل کے امور شامل ہیں۔ مسٹر جسٹر امریکہ-بھارت اعلیٰ ٹیکنالوجی تعاون گروپ کے شریک بانی ہیں جس میں انہوں نے بطور امریکی چیئر خدمات انجام دیں، اور امریکہ و بھارت کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے پروگرام میں ’نیکسٹ اسٹیپس‘ (آئندہ اقدامات) کے کلیدی معماروں میں سے ایک تھے. اس پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی سول جوہری معاہدے کے لئے بنیاد فراہم کرنے میں مدد ملی۔ محکمہ کامرس میں میعاد مکمل کرنے پر مسٹر جسٹر کو محکمہ کے اعلی ترین اعزاز ولیم سی ریڈ فیلڈ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
1992 تا 1993، مسٹر جسٹر نے امریکی محکمہ خارجہ میں مشیر قانونی (کارگزار) اور 1989 تا 1992 ڈپٹی سیکریٹری آف اسٹیٹ لارنس ایس ایگل برگر کے ڈپٹی اور سینئر مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ مسٹر جسٹر وسطی اور مشرقی یوروپ اور سابق سوویت یونین کے لئے امریکی امداد کے پروگراموں بشمول علاقے کیلئے ابتدائی انٹرپرائز فنڈز کو قائم اور منتظم کرنے میں شامل اہم حکام میں سے ایک تھے۔ وہ ڈپٹی سکریٹری ایگل برگر کی زیر قیادت اُس پانچ رکنی ٹیم کا بھی حصہ تھے جس نے پہلی خلیجی جنگ سے قبل اور اس کے دوران اسرائیل کا دورہ کیا اور اسرائیلیوں سے جنگ کے بارے میں اُنکے رخ پر گفتگو کی۔ محکمہ خارجہ میں اپنی میعاد کی تکمیل پر، مسٹر جسٹر کو محکمہ کے اعلی ترین اعزاز، ڈسٹنگشڈ سروس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
1981 تا 1989 اور 1993 تا 2001، مسٹر جسٹر نے آرنالڈ اینڈ پورٹر فرم میں لا پریکٹس کیا، جہاں وہ سینئر پارٹنر بن گئے اور ان کی ذمہ داریوں میں بین الاقوامی ثالثی اور مقدمہ بازی، کارپوریٹ مشاورت، ریگولیٹری معاملات، اور بین الاقوامی تجارت اور ٹرانزیکشن کے امور شامل تھے۔ ان کے قابل ذکر مقدمات میں نوریگا حکومت کے خلاف پاناما کی جلا وطن حکومت کی نمائندگی شامل ہے۔ بعد ازاں پاناما کے صدر نے انہیں واسکو نونیز ڈی بلبوا این ایل گراڈو ڈین گران کروز ڈیکو ریشن اور میڈل سے نوازا۔
مسٹر جمسٹر نے 2010 میں ہارورڈ کے کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ میں وزیٹنگ فیلو، 2007 تا 2010 صدر کی مشاورتی کمیٹی برائے تجارتی پالیسی اور مذاکرات کے ممبر، 1993 میں خارجہ تعلقات کونسل میں وزیٹنگ فیلو، 1980-81 میں سیکنڈ سرکٹ کے لئے امریکی اپیل عدالت کے جج جیمز ایل اوکس کے لا کلرک کے طور پر، اور 1978 ء میں نیشنل سیکورٹی کونسل میں بھی خدمات انجام دیں۔ ان کے علاوہ، انہوں نے ہارورڈ کے ویدرہیڈ سینٹر برائے بین الاقوامی امور کی مشاورتی کمیٹی کے چیئرمین، فریڈم ہاؤس کے چیئرمین، اور ایشیا فاؤنڈیشن کے نائب چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ وہ فی الحال خارجہ تعلقات کونسل اور امریکن اکیڈمی آف ڈپلومیسی کے رکن ہیں۔
مسٹر جسٹر نے ہارورڈ لا اسکول سے قانون کی ڈگری، ہارورڈ میں جان ایف کینیڈی اسکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرس ڈگری، اور ہارورڈ کالج سے بیچلر آف آرٹس ڈگری اِن گورنمنٹ (فئی بیٹا کاپا) حاصل کی ہے۔