فلبرائٹ فیلوشپ ایپلیکیشن سیزن 2021-2022 کے آغاز کا اعلان

نئی دہلی، 15 جنوری، 2020:  یو ایس ۔ انڈیا ایجوکیشنل فاؤنڈیشن (یو ایس آئی ای ایف) نے فلبرائٹ ۔ نہرو اور دیگر فلبرائٹ فیلو شپس کے لئے اپنے سالانہ مقابلے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح کے تبادلوں سے ہندوستان اور امریکہ کے لوگوں کو اُن مواقع کے توسط سے قریب لانے میں مدد ملی ہے جو فیلوز کی تعلیمی، تحقیقی، تدریسی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو تقویت بخشتے ہیں۔ یو ایس آئی ای ایف کے زیر انتظام تبادلے اور اسکالرشپ پروگراموں کے سابق طلباء نے مختلف شعبوں بشمول زراعت، فنون لطیفہ، کاروبار، آب و ہوا، تعلیم، ماحولیات، انسانی و معاشرتی علوم، صحت عامہ اور سائنس و ٹکنالوجی میں مضبوط قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ غیر معمولی ہندوستانی طلباء، ماہرین تعلیم، اساتذہ، پالیسی سازوں، منتظم کاروں اور پیشہ ور افراد کو درخواست دینے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی میں فل برائٹ ۔ نہرو ماسٹرس فیلو کرن بھولا نے کہا، ’’اس پروگرام سے مجھے اعلی تعلیم کے عالمی رجحانات کے باریک پہلوئوں کو سمجھنے میں مدد ملی۔ اس علم کی وجہ سے اب میں ہندوستانی اعلی تعلیم کے بعض اہم چیلنجوں جیسے تنوع، مساوات اور شمولیت پر تقابلی نقطہ نظر رکھتا ہوں۔ اس پروگرام نے مجھے ہندوستان میں اعلی تعلیم میں تبدیلی لانے سے متعلق مہارت اور صراحت سے آراستہ کیا ہے۔‘‘

فلبرائٹ ۔ نہرو ڈاکٹورل ریسرچ فیلو پائل ڈے نے کہا، ’’میں نے ایم آئی ٹی انرجی انیشی ایٹو کے یونیورسل انرجی ایکسیس گروپ میں جو تحقیق کی تھی، اس کا ممکنہ استعمال توانائی کے شعبے کے لئے مستقبل میں ریگولیٹری اور پالیسی رہنما اصول وضع کرنے میں ہوگا۔ ایم آئی ٹی اور ہارورڈ کینیڈی اسکول دونوں اداروں کے وسیع تعلیمی وسائل  اور بوسٹن میں طلبہ کی مرکوزیت والے ماحول کی بدولت، میں نے یہ علم حاصل کیا جو میرے تحقیقی مقاصد سے کہیں آگے تھا۔‘‘

2017 کی فلبرائٹ ۔ نہرو اکیڈمک اینڈ پروفیشنل ایکسیلنس اسکالر انورادھا ماروہ نے کہا، ’’مینیسوٹا یونیورسٹی میں پڑھانا امریکہ کی کلاس روم ثقافت سے آشنا ہونے کا ایک عمدہ موقع تھا۔ یہ محض خوشگوار اتفاق تھا کہ میں مینیپولیس میں تھیٹر کی ایک نئی شکل سے واقف ہوئی۔ امریکہ میں ملنے والے اس موقع کی وجہ سے میں ایک قدیم یونانی ڈرامہ لے کر راجستھان کے دیہات میں داخل ہوئی۔ ڈرامے کے بعد سامعین کے ساتھ ہونے والے پُرجوش مباحثے میرے لئے آج کی دنیا میں بین الاقوامی تبادلوں کی اہمیت کی تصدیق کرتے ہیں۔‘‘

یو ایس آئی ای ایف کو توقع ہے کہ 2021-2022 میں تقریبا 100 ہندوستانی درخواست دہندگان کو فلبرائٹ۔نہرو فیلوشپ کی پیشکش کی جائے گی۔ فیلوشپ کی تفصیلات یو ایس آئی ای ایف کی ویب سائٹ (www.usief.org.in) پر پوسٹ کی گئی ہیں اور درخواست کی پہلی آخری تاریخ 15 مئی 2020 ہے۔ درخواست گزار کوئی سوالات ip@usief.org.in  پر بھیج سکتے ہیں یا نئی دہلی، چنئی، حیدرآباد، کولکتہ یا ممبئی میں یو ایس آئی ای ایف کے کسی ایک دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔