زندگی میں شاذ و نادر ملنے والی یہ پیشکش قبول کریں

امریکی کالج یا یونیورسٹی میں داخلہ کے لئے ہاں کہیں
میری کے لاس کارلسن، ناظم الامور، امریکی سفارت خانہ نئی دہلی

میں ان تمام ہندوستانی طلبہ کو مبارکباد پیش کرنا چاہتی ہوں جنہیں امریکہ کے ۴۵۰۰ سے زائد اعلیٰ تعلیم کے منظور شدہ اداروں میں سے کسی ایک سے داخلہ کی پیشکش موصول ہوئی ہے۔امریکی یونیورسٹی کے فارغین نے دنیا بھر میں مختلف میدانوں میں قائدانہ اور اختراعی کردار نبھایا ہے۔ آپ کو اس بات پر فخر کرنا چاہئے کہ آپ کو نوجوانوں کے ایک ایسے گروپ میں شمولیت کے لئے چنا گیا ہے جن کی زندگی تحرک ، کھلے پن اور امریکہ بھر میں پھیلے ہوئے کیمپسوں کے معیار کی بدولت ہمیشہ ہمیشہ کے لئے تبدیل ہو جائے گی۔ایسا کرتے ہوئے آپ ہندوستان کے چند سرکردہ سیاستدانوں ، صنعتی دنیا کے سربراہوں، فنکاروں، ماہرینِ تعلیم ، سائنسدانوں اور اداکاروں میں شامل ہو جائیں گے جنہوں نے امریکہ میں تعلیم حاصل کی۔
اس وقت تقریبا ۱ لاکھ ۶۶ ہزار ہندوستانی امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔ طلبہ کی اس تعداد میں گزشتہ دو برسوں کے دوران قابل قدر اضافہ ہوا ہے۔ دو برس پہلے تک یہ تعداد ایک لاکھ ہوا کرتی تھی۔ دونوں ملکوں کے مابین طلبہ اور یونیورسٹیوں کی سطح پرتعلقات اور شراکت داری کو مضبوط بنانا امریکی سفار ت خانہ کی اعلیٰ ترین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ ہم اس سال بھی باصلاحیت ہندوستانی طلبہ کے امریکہ میں استقبال کی راہ دیکھ رہے ہیں ۔
داخلے کی پیشکش دراصل درخواست دہندہ طلبہ اور درخواستوں کا جائزہ لینے والی یونیورسٹیوں کی سخت محنت اور محتا ط سوچ کا نتیجہ ہوتی ہے۔خاندان بھی اس کام میں بہت اہم مددگار کردار نبھاتے ہیں۔گزشتہ برس اسی وقت ہماری بیٹی بھی اپنی درخواست کے مضامین اور معیاری داخلہ امتحانات کی تیاریوں پر کئی گھنٹے کام کرنے کے بعد یہ فیصلہ کرنے میں مصروف تھی کہ کس یونیورسٹی میں داخلہ لے۔ یہ ایک بڑا فیصلہ ضرور ہے مگر اس میں یقینی طور پر کوئی غلط انتخاب نہیں ہے۔یہاں تک کہ ایک اسکول جو کسی کی پہلی یا دوسری پسند نہیں ہے وہ بھی بعد ازاں ایک درست انتخاب میں تبدیل ہو سکتاہے۔جیسا کہ میں ہمیشہ کہتی ہوں ’’ بعض مرتبہ ہم نہیں جانتے کہ ہمیں کیا چاہئے۔‘‘
امریکہ کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اس وقت ۱۰ لاکھ سے بھی زیادہ بین الاقوامی طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔اور اس طرح امریکہ کو نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا بھر کے طلبہ کے لئے پہلی پسند بنا رہے ہیں ۔یہ امریکی اعلیٰ تعلیم کے بے نظیرمعیار، امریکی یونیورسٹیوں کے ساتھ وابستہ سابق طلبہ انجمنوں اور امریکہ کے ساتھ زندگی بھر کے تعلق کی کشش کا ایک عہد نامہ ہے۔ تین دہائیوں سے زیادہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود میں کالج کے ان دنوں کو بڑے پیار سے یاد کرتی ہوں اور کالج کے دنوں کے اپنے دوستوں سے ہنوز رابطے میں ہوں ۔
گزشتہ برس نومبر میں بین الاقوامی تعلیمی ہفتہ منانے کی غرض سے امریکی سفارت خانہ نے ان امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں کے فارغین کے ساتھ ویڈیو سیریز بنائی جو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہندوستان واپس آ چکے تھے۔ آج یہ فارغین دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنا رہے ہیں،اپنے مقامی کلبوں کا نظام سنبھال رہے ہیں اور عالمی اور مقامی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے شراکت داری کو مستحکم کر رہے ہیں ۔
آپ میں سے جو امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں ، میں ان کی ایجوکیشن یو ایس اے (educationusa.state.gov)سے رابطہ کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہوں ۔ ہندوستان بھر میں موجود امریکی گوشے اور مراکز، مقامی اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں ایجوکیشن یو ایس اے کے سات مشورہ جاتی مراکز بالکل درست ، حالیہ اور آن لائن امریکی اعلیٰ تعلیم سے متعلق مستند معلومات فراہم کرتے ہیں ۔ اس موسمِ خزاں میں بھی مذکورہ ساتوں شہروں کے مشورہ جاتی مراکز میں ایجوکیشن یو ایس اے کی جانب سے یونیورسٹی ٹور کا انعقاد ہوگا۔
امریکہ تنوع کی قدر کرتا ہے اورتمام مختلف پس منظر رکھنے والے طلبہ کی سرگرم حمایت کرتا ہے۔امریکہ بھر کے کالج اور یونیورسٹیاں بین الاقوامی طلبہ کے لئے خصوصی تعارفی کورس اور دیگر پروگرام پیش کرتے ہیں تاکہ طلبہ منفرد اور متنوع تناظر کا جشن منا سکیں جو وہ امریکی یونیورسٹیوں اور کیمپسوں میں لاتے ہیں۔ آج امریکہ میں ہر چھٹا بین الاقوامی طالب علم ہندوستانی ہے ۔ اور یہ طلبہ یونیورسٹیوں اور ان کے اطراف کے طبقات کی زندگیوں میں بڑے پیمانے پر تعاون دیتے ہیں ۔
امریکی کالج اور یونیورسٹیاں محفوظ اور خیر مقدمی ماحول فراہم کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہ وہ چیز ہے جسے میں کالج جانے والے ایک طالب علم کی سرپرست ہونے کے ناطے بڑی اہمیت دیتی ہوں۔ میں گزشتہ موسم گرما میں اسی وقت نئی دہلی آئی جب میری بیٹی کو کالج جانا تھا،اس لئے میں جانتی ہوں کہ کالج جانے والے کسی قریبی سے نصف دنیا کی دوری کیا معنی رکھتی ہے۔ شکر ہے کہ امریکی یونیورسٹیاں اپنے طلبہ کی حفاظت اور ان کی بھلائی پر مکمل چوکسی کے ساتھ توجہ دیتی ہیں ۔ متعدد یونیورسٹیوں نے ایک ساتھ مل کر YouAreWelcomeHere# مہم کے ذریعہ طلبہ کو خصوصی اور براہ راست پیغام بھی بھیجا ہے ۔میں ان کے ساتھ مل کر امریکہ میں آپ کا استقبال کرتی ہوں جہاں ہمارے کالج اور یونیورسٹیاں آپ کی زندگی اور کرئیر کے اہداف کو حاصل کرنے میں تعاون کے لئے آپ کو قیمتی تعلیمی مواقع پیش کرتی ہیں ۔ مبارکباد !