امریکہ-بھارت تعلیمی فاؤنڈیشن (یوسیف) نے فلبرائٹ-نہرو، فلبرائٹ-کلام اور دیگر فلبرائٹ فیلوشپ کے لئے سالانہ مقابلے کے آغاز کا اعلان کرتا ہے۔ اس طرح کے تبادلوں سے، جو فیلوز کی علمی، تحقیقی، تدریسی اور پیشہ ورانہ صلاحیت میں اضافہ کرتے ہیں، امریکہ اور بھارت کے عوام کو قریب لانے میں مدد ملی ہے۔ یوسیف کے زیر انتظام تبادلے اور اسکالر شپ پروگراموں کے سابق طلبہ نے زراعت، فنون لطیفہ، کاروبار، تعلیم، ماحولیات، ہیومینٹیز اور سماجی علوم، صحت عامہ اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت کئی شعبوں میں مضبوط قیادت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ غیر معمولی ہندوستانی طلبہ، تعلیمی ماہرین، اساتذہ، پالیسی سازوں، منتظمین اور پیشہ ور ماہرین کی اپلائی کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
دیکشا دھر، جو ریاست پنسلوانیا کے فلاڈیلفیا میں واقع یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں فلبرائٹ نہرو ڈاکٹورل ریسرچ فیلو ہیں، بیان کرتی ہیں، ’’فلبرائٹ-نہرو گرانٹ کے دوران میں نے امریکہ میں تین بڑی کانفرنسوں میں شرکت کی اور اپنی تحقیقات کو پیش کرنے کا موقع ملا۔ ان پروگراموں سے مجھے بھارت اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات پر اثرانداز ہونے والے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرنے اور نیٹ ورک بنانے کا ایک پلیٹ فارم ملا۔ اس وقت میں جھارکھنڈ کے کھونٹی میں سبھی 113 سرکاری اسکولوں کے قبائلی اساتذہ اور طالب علموں کے لئے انگریزی زبان کی استعداد میں اضافہ کرنے والے ایک پروگرام کی رہنمائی کرتی ہوں۔‘‘
اوشا رمن، جو میساچوسٹس کے کیمبرج میں واقع میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں فلبرائٹ-نہرو اکیڈمک اینڈ پروفیشنل ایکسلنس اسکالر ہیں، نے کہا، ’’فلبرائٹ-نہرو گرانٹ کے دوران بہترین لائبریری وسائل اور ہم پلہ گروپ جس کے ساتھ خیالات شیئر کرسکتی تھی، تک رسائی کی بدولت میں دو تحقیقی مقالات میں خاطر خواہ پیش رفت کرسکی۔‘‘
یوسیف ہندوستانی درخواست دہندگان کو 2019 میں تقریباً 100 فلبرائٹ-نہرو اور چھ فلبرائٹ-ابوالکلام کلائمیٹ فیلوشپ پیش کرنے کی توقع رکھتا ہے ۔ فیلوشپ سے متعلق تفصیلات یوسیف کی ویب سائٹ (www.usief.org.in) پر موجود ہیں اور پہلی درخواست کی آخری تاریخ 15 جون ہے۔ درخواست دہندگان اپنے سوالات ip@usief.org.in پر بھیجیں یا نئی دہلی، چنئی، حیدر آباد، کولکتہ اور ممبئی میں یوسیف دفاتر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔