نئی دہلی، 16 نومبر، 2018 – بھارت میں امریکہ کے سفیر کینتھ آئی جسٹر نے کل نئی دہلی میں واقع امریکن سینٹر میں ’’ریفلیکشنس آف انڈیا: مور دَین ففٹی ایئرس اپارٹ‘‘ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس نمائش میں سفیر جسٹر اور ان کے والد، ہاورڈ ایچ جسٹر، جنہوں نے 1966 میں بھارت کا دورہ کیا تھا، کے ذریعہ کھینچی گئی تصویریں پیش کی گئی ہیں۔
اس موقع پر سفیر جسٹر نے کہا کہ، ’’یہ نمائش اُن تصاویر کا ایک مجموعہ ہے جنہیں میرے والد نے 1966 میں اور میں نے 2017 اور 2018 میں کھینچی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ، ’’میرے والد، جو ایک ماہر تعمیرات تھے، نے عمارتوں کی تصویروں پر توجہ مرکوز کی۔ میں نے بھی عمارتوں کی تصویریں بنائی ہیں، ساتھ ہی مَیں ہندوستان کے لوگوں کے پورٹریٹ کا بھی گرویدہ ہوں۔‘‘
نمائش میں انفرادی، بھارت کی عام زندگی، اور کئی مشہور مقامات کی 24 تصویریں شامل ہیں۔ نمائش میں ہمایوں کا مقبرہ، صفدر جنگ کا مقبرہ، اور کولکتہ کے پریش ناتھ جین مندر کے بشمول باپ اور بیٹے کی کچھ تصویروں کے ایک ہی منظر کو دکھایا گیا ہے جو پچاس سال سے بھی زیادہ برسوں میں یعنی 1966 میں اور آج لی گئی ہیں۔ ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح بھارت کا منظر نامہ بدل گیا ہے جبکہ یہاں کی بعض قدیم عمارتیں اتنے عرصہ سے ثابت قدم ہیں۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر اپنے خطاب میں سفیر جسٹر نے اپنے اور اپنے والد کی تیار شدہ تصویروں کو دیکھنے میں دلچسپی لینے کے لئے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
سفیر جسٹر نے حاضرین کو بتایا، ’’میرے والد ایک شوقین فوٹوگرافر تھے اور فوٹو گرافی کے لئے میرے جذبے کا سر چشمہ بھی وہی تھے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے امید ہے کہ آپ اس نمائش سے اتنا ہی لطف اندوز ہوں گے جتنا میں ان تصاویر کی عکاسی کرتے ہوئے لطف اندوز ہوا ہوں۔‘‘
’’ریفلیکشنس آف انڈیا: مور دَین ففٹی ایئرس اپارٹ‘‘ نمائش امریکن سینٹر، 24 کستوربا گاندھی مارگ میں 15 نومبر سے 6 دسمبر تک جاری رہے گی، اور اس میں داخلہ مفت ہے۔