رمضان المبارک کے موقع پر وزیر خارجہ پومپئو کا بیان

امریکی دفتر خارجہ کی جانب سے میں اندرون و بیرون ملک مسلمان برادریوں کے لیے رمضان مقدس کی آمد پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

بہت سے مسلمانوں کے لیے یہ روحانی تجدید، مہربانی و رجوع، غریبوں کے لیے دردمندی اور متنوع معاشروں میں ہم آہنگی پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع ہے۔ امریکہ میں بہت سی مساجد اور گھروں میں مختلف عقائد سے تعلق رکھنے والے دوستوں  اور ہمسایوں کا مساوات، رحم دلی اور فیاضی کی مشترکہ امریکی اقدار کے تحت خیرمقدم کیا جاتا ہے۔

گزشتہ ماہ تین ابراہیمی مذاہب کی عبادت گاہوں پر حملے ہوئے اور دنیا بھر میں فرد کے اپنے عقیدے پر آزادانہ عمل کی اہلیت کو سنگین مسائل درپیش ہیں۔ حکومتیں اور شہری سبھی کے لیے مذہبی آزادی کے فروغ کی خاطر اکٹھے کام کر کے اس نفرت پر قابو پا سکتے ہیں جو ایسے حملہ آوروں کو تحریک دیتی ہے۔ رمضان تمام عقائد اور پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو مشترکہ دردمندی، احترام اور ایک دوسرے کی مدد کی اہمیت یاد دلاتا ہے۔ روزانہ روزہ کھولنے اور دوسروں کو کھانے میں شریک کرنے کی بدولت رمضان ہمارے معاشرتی تعلقات میں مضبوطی لاتا اور سماجی خدمت پر زور دیتا ہے۔ اسی جذبے کے تحت ہم عقیدے سے قطع نظر ایک دوسرے کے لیے اپنی باہمی ذمہ داریوں پر غوروفکر اور بہترین فرد بننے کی سعی کرتے ہیں۔

دنیا بھر میں ہمارے بہت سے سفارت خانے اور قونصل خانے افطار استقبالیے دیتے ہیں جس سے ہماری سفارت کاری کی بنیادی طاقت کا اظہار ہوتا ہے اور مذہبی آزادی، مذہبی اقلیتی برادریوں کو اپنے ساتھ شامل کرنے اور ان کے احترام اور امن کے لیے شراکتوں بارے ہمارا عزم مزید تقویت پاتا ہے۔

رمضان کے مقدس مہینے کے آغاز پر میں تمام مسلمانوں کو پرمسرت رمضان کریم کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔