چنئی، 9 اپریل: امریکی قونصل خانہ چنئی میں امریکن سینٹر 8 تا 12 اپریل 2019 کتب خواندگی، سخن گوئی، فلموں کی اسکریننگ، اور کتابوں کی فروخت کے ساتھ قومی لائبریری ہفتہ منا رہا ہے۔ اس پورے ہفتے میں، امریکن سینٹر سالانہ رکنیت فیس میں 50 فیصد رعایت فراہم کرے گا۔ 12 اپریل کو لائبریری میں تاریخ، ثقافت، ادب، سماجی علوم اور مینجمنٹ کی سیکڑوں کتابیں رعایتی قیمتوں پر فروخت کے لئے رکھی جائیں گی۔
قونصل برائے پبلک ڈپلومیسی و پبلک افیئرز لارین لولس نے کہا ’’ہماری لائبریریاں لوگوں کی زندگیوں کو تبدیل کرنے، ذہنوں کو تعلیم سے منور کرنے اور کمیونٹیز کو مضبوط بنانے میں جو گراں قدر رول ادا کرتی ہیں، انہیں اجاگر کرنے کے لئے، امریکہ، ہر سال اپریل میں، قومی لائبریری ہفتہ مناتا ہے۔ امریکن سینٹر چنئی (جو پہلے امریکن لائبریری کے طور پر جانا جاتا تھا) نے 1947 سے ہی ہمارے مجموعہ کتب سے لطف اندوز ہونے، اپنے خیالات کو شیئر کرنے اور امریکہ و بھارت کے درمیان باہمی افہام و تفہیم میں اپنا تعاون دینے کے لئے تمام نسلوں کے سرپرستوں کا خیر مقدم کیا ہے۔